(حافظ شہباز علی )پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے پاکستانی ہاکی ٹیم نے کپتان عماد بٹ کی قیادت میں ملاقات کی ، اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے8 برس بعد ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر قومی ہاکی ٹیم کو مبارکباد دی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی پر کھلاڑیوں کی محنت کی تعریف کی ، زخمی ہاکی پلیئرز کے علاج کی ذمہ داری اٹھانے کی بھی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ فٹنس و میڈیکل کے حوالے سے ہاکی پلئیرز کو پورا سپورٹ کریں گے ، پی سی بی ہاکی پلیئرز سے پہلے کی طرح تعاون کرتا رہے گا، آپ کو زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی میں ہمارا تعاون ہمیشہ شامل حال رہے گا۔
محسن نقوی نے ورلڈ کپ کے لئے پاکستانی ہاکی ٹیم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھرپور سپورٹ پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر پاکستانی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے کہا کہ ہم قومی ہاکی ٹیم کو مدعو کرنے کے لیے چئیرمین پی سی بی کے مشکور ہیں، چیئر مین پی سی بی نے ہاکی کے تمام بے روز گار کھلاڑیوں کوسی ڈی اے میں نوکریاں دینے کا اعلان کیا ہے ۔
خواجہ جنید نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی نے ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے پر ٹیم کو مبارکباد دی ، چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کھلاڑیوں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی،پی ایچ ایف کی موجودہ انتظامیہ ہاکی کو بہتر انداز میں لے کر چل رہی ہے ،ہاکی بحالی کے لیے تفصیلی پلان تیار کیا جارہا ہے، آپ کی سپورٹ نے پلئیرز کی بہت حوصلہ افزائی کی، آپ نے مشکل وقت میں کھلاڑیوں کو سپورٹ کیا۔

پاکستانی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے کہا کہ پرولیگ میں ہماری ٹیم نے مشکل صورت حال کے باوجود اچھا پرفارم کیا، انگلینڈ کے خلاف فائنل میں شکست کے باوجود ہم نے بہت اچھی ہاکی کھیلی ، پرولیگ اور ورلڈ کپ میں اچھا پرفارم کریں گے ۔
پاکستانی ہاکی ٹیم کے ساتھ ملاقات کے موقع پر کوچ خواجہ جنید، پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد،چیف فنانشل آفیسر سمیت تمام ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں :مشکوک شناختی کارڈز رکھنے والوں کےخلاف گھیرا مزید تنگ،تصدیقی بورڈقائم












Leave a Reply