
(روزینہ علی )عالمی شہرت یافتہ ٹینس آئیکون بیورن بورگ آئی ٹی ایف مینز فیوچرز ٹورنامنٹ کے دوران پاکستان کا دورہ کریں گے، بیورن بورگ ٹینس کی تاریخ کے سب سے بااثر کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں، انہوں نے 1970 کی دہائی اور 1980 کی ابتدائی مدت میں ٹینس کی دنیا پر حکمرانی کی ہے۔
ٹینس آئیکون بیورن بورگ 109 ہفتوں تک عالمی نمبر 1 رہے اور 11 گرینڈ سلیم ٹائٹلز جیتے، چھ فرنچ اوپن اور مسلسل پانچ ومبلڈن چیمپئن شپ شامل ہیں، مسٹر بورگ کا دورہ پاکستان میں ہونے والے نمایاں بین الاقوامی اسپورٹس دوروں میں شمار ہوگا۔
ان کا یہ دورہ، اہلیہ اور دو بیٹوں کے ہمراہ ہوگا، آئی ٹی ایف مینز فیوچرز ٹینس سیریز 26 اپریل سے 10 مئی 2026 تک اسلام آباد میں منعقد ہوگی، ایونٹ پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلا جائے گا، ٹورنامنٹ میں دنیا بھر سے 200 سے زائد بین الاقوامی کھلاڑی شرکت کریں گے۔
پاکستان میں یہ ایونٹ سب سے بڑے بین الاقوامی ٹینس مقابلوں میں شمار ہوگا، ٹینس لیجنڈ کا دورہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے باعثِ تحریک قرار دیا جا رہا ہے، پی ٹی ایف حکام کی دورے اور ایونٹ کے بہترین انعقاد کے لیے مکمل تیاریوں کی یقین دہانی کرائی۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان کے سپورٹس امیج کو عالمی سطح پر مزید مضبوط کرے گا، وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ملک عالمی سطح پر مضبوط ہو رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ عالمی شخصیات کی پاکستان آمد میں اضافہ ملک کے مثبت تشخص اور بڑھتے ہوئے اعتماد کی علامت ہے،ٹینس کمیونٹی پاکستان کی امن اور استحکام کی کوششوں کو سراہ رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :ساری دنیاکی توجہ پاکستان پرمرکوز، امریکا ایران مذاکرات آج سے اسلام آبادمیں ہوں گے












Leave a Reply