
(ویب ڈیسک )انگلش ٹیم کے ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس حالیہ سرجری کے بعد ایک نئے انداز میں سامنے آئے ہیں، جس نے کرکٹ شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔
انگلینڈ کے ہوم سیزن سے قبل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری کی گئی ویڈیو میں اسٹوکس پہلے کے مقابلے میں خاصے دبلے دکھائی دیے۔
انگلش کرکٹ بورڈ کے تعاون سے شیئر کی گئی ویڈیو میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی نئی کٹس متعارف کرائی گئیں۔
ویڈیو میں عادل رشید، مارک ووڈ، گس اٹنکسن اور بین ڈکٹ سمیت کئی اسٹار کھلاڑی موجود تھے، تاہم سب سے زیادہ توجہ بین اسٹوکس کی بدلی ہوئی شکل نے حاصل کی۔
یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں نیٹس سیشن کے دوران ایک گیند اسٹوکس کے چہرے پر لگی تھی، جس کے بعد انہیں چہرے کی سرجری کروانا پڑی۔
اس واقعے کو یاد کرتے ہوئے اسٹوکس نے کہا تھا کہ وہ خوش قسمت رہے کہ کسی بڑے حادثے سے بچ گئے۔
اس حوالے سے بین اسٹوکس نے اسپورٹس ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعی خوفناک لمحہ تھا، گیند سیدھی میرے چہرے پر آ کر لگی اور اگر چند انچ بھی ادھر اُدھر ہوتی تو شاید آج میں یہ انٹرویو نہ دے رہا ہوتا، میری گال کی ہڈی کے نیچے کافی چوٹ آئی تھی، لیکن خوش قسمتی سے میں محفوظ رہا۔












Leave a Reply