جھوٹی خبر پر سلمان مرزا کا سخت ردعمل، صحافی کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان


پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر سلمان مرزا نے ایک نجی ٹی وی چینل کی جانب سے نشر کی جانے والی خبر پر سخت ردعمل دیتے ہوئے متعلقہ صحافی کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے سری لنکا کے دورے کے دوران پاکستانی کھلاڑی مبینہ طور پر نامناسب رویے میں ملوث تھے اور ہوٹل انتظامیہ نے اس حوالے سے ٹیم مینجمنٹ کو شکایت بھی کی تھی۔

پی سی بی نے خبر مسترد کردی

تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس خبر کو فوری طور پر مسترد کرتے ہوئے اسے غیر مصدقہ اور گمراہ کن قرار دیا۔

پی سی بی کا کہنا تھا کہ بغیر تصدیق کے ایسی خبریں نشر کرنا غیر ذمہ دارانہ صحافت ہے اور بورڈ اس معاملے پر قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

سلمان مرزا کا بیان

بعد ازاں سلمان مرزا نے بھی سوشل میڈیا پر جاری بیان میں خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا میں گردش کرنے والی خبر بے بنیاد اور من گھڑت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سستی صحافت کی مذمت کرتے ہیں اور کوئی بھی میڈیا ادارہ غیر تصدیق شدہ خبر نشر کرنے کا مجاز نہیں۔

حکومت سے بھی کارروائی کا مطالبہ

سلمان مرزا کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی اس خبر کو جھوٹا قرار دے چکا ہے اور وہ اس معاملے پر قانونی کارروائی کریں گے۔

انہوں نے حکومتِ پاکستان سے بھی اپیل کی کہ غلط معلومات پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

 


install suchtv android app on google app store



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *