
(24نیوز)20 سالہ طویل انتظار کے بعد پشاور میں ایک بار پھر چوکوں اور چھکوں کی برسات کا وقت آ گیا ہے، قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا میلہ آج (ہفتے)سے سجنے جا رہا ہے،عمران خان سٹیڈیم میں شائقینِ کرکٹ پہلی مرتبہ مصنوعی روشنیوں میں وکٹیں گرتی اور چوکے چھکے لگتے دیکھ سکیں گے۔
صوبائی حکومت کے مطابق ایونٹ کا افتتاح وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کریں گے، ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی تمام ٹیمیں پشاور پہنچ چکی ہیں جبکہ پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں نے اسٹیڈیم کے اطراف سخت حفاظتی حصار قائم کر دیا ہے، میچز کے لیے ٹکٹس کی فروخت بھی جاری ہے اور شائقین میں خاصا جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔
عمران خان سٹیڈیم پشاور میں 20 سال بعد کرکٹ میچز ہونے والے ہیں، 2006 میں پاک بھارت ون ڈے کے بعد اسٹیڈیم کو جدید بنانے کے لیے توسیعی منصوبہ شروع کیا گیا تھا جو مکمل ہو گیا،اسٹیڈیم میں دبئی کی طرز پر جدید ایل ڈی لائٹس لگائی گئی ہیں، نیا پویلین اور انکلوژرز بنائے گئے۔
گزشتہ روز ٹی ٹوئنٹی کپ میں حصہ لینے والی ٹیموں نے پشاور پہنچنے کے بعد پریکٹس بھی کی، پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسٹیڈیم کا کنٹرول حاصل کرلیا ، پچز بھی تیار کرلی گئیں۔
ڈائریکٹرجنرل اسپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر نے کہا کہ مقابلوں کے لیے تمام تیاریاں ہو چکیں، سکیورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل ہیں، یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی کپ میں روزانہ 2 میچز کھیلے جائیں گے، ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:امریکی اجازت سے روسی تیل کی خریداری، بھارت کی معاشی و خارجہ خودمختاری پر سوالیہ نشان
ہفتے کو پہلا میچ سوا چار بجے شام میزبان پشاور اور لاہور وائٹس کے درمیان ہو گا، دوسرا مقابلہ رات سوا 9 بجے فیصل آباد اور کراچی وائٹس میں کھیلا جائے گا، 17 مارچ کو دونوں سیمی فائنلز اور اگلے روز فائنل طے ہے، میچ ٹکٹس کی فروخت جاری ہے، وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی رات 8 بجے مقابلوں کا افتتاح کریں گے۔
ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم 50 لاکھ روپے انعامی رقم حاصل کرے گی، رنرز اپ کو 25 لاکھ روپے دیے جائیں گے، ٹورنامنٹ کے تمام 23 میچز مختلف ٹی وی چینلز پر براہ راست نشر کیے جائیں گے، لاہور بلوز کی ٹیم اعزاز کا دفاع کرے گی ، گزشتہ روز پشاور میں تمام ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کی تقریب رونمائی میں بھی شرکت کی۔












Leave a Reply