(وسیم عظمت) ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دوسرے الیمینیٹر میچ میں آج نئی ٹیم حیدرآباد کنگز میں پہلا پی ایس ایل جیتنے اور ایڈیشنز میں پلے آف میچ کھیلنے والی آئیکونک ٹیم اسلام آباد یونائٹڈ کے مقابل آئے گی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ، جو لیگ کے سٹریٹیجی کے گورو مانے جاتے ہیں، 6 میچ جیتنے کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر رہے۔ انہوں نے اپنا پلے آف سفر کوالیفائر سے شروع کیا، لیکن پشاور زلمی کے ہاتھوں سخت شکست کے بعد اب اس “ڈو آر ڈائی” مرحلے میں پہنچ گئے ہیں۔
دوسری طرف، حیدرآباد کنگزمین اس سیزن کی “سنڈریلا اسٹوری” ہیں، اور وہ اب فائنل کھیلنے اور امیزنگ انجام سے صرف دو قدم دور ہیں۔
حیدرآباد کی نئی ٹیم نے پی ایس ایل الیون کا آغاز شکست سے کیا تھا اور مسلسل چار میچوں میں ہارنے کے بعد جب وہ پوائنٹس ٹیبل کے نچلے حصے میں دب گئے تھے، انہوں نے کرکٹ کے پنڈتوں کو حیرت کے جھٹکے لگانے کا آغاز کیا اور مسلسل چار میچ جیت لئے۔ تاہم اسلام آباد یونائٹڈ سے جمعہ 24 اپریل کو اپنے میچ میں ان کی بیٹنگ لائن کولیپس ہوئی اور وہ بری طرح ہار گئے تھے۔ اس کے باوجود ان کی چوتھی پوزیشن برقرار رہی۔ ایلیمینیٹر 1 میں ملتان سلطانز کو 8 وکٹوں سے ہرا کر وہ یہاں پہنچے ہیں، اور ان کا اعتماد عروج پر ہے۔
اسلام آباد یونائٹڈ اور حیدرآباد کنگز مین کے دو میچ
اسلام آباد یونائیٹڈ اور نئی ٹیم حیدرآباد کنگز مین پاکستان سپر لیگ 2026کے گروپ میچوں کے دوران دو بار ایک دوسرے سے کھیلے، دونوں ٹیموں نے ایک ایک میچ جیتا۔
میچ 1 (12 اپریل 2026)
سکور: اسلام آباد یونائیٹڈ 153/9 (20 اوور)، حیدرآباد کنگز مین 157/4 (18.1 اوورز)۔
نتیجہ: حیدرآباد کنگز مین نے 11 گیندیں باقی تھیں کہ ٹارگٹ ہندسہ عبور کر لیا اور میچ 6 وکٹوں سے جیت لیا۔
اس میچ میں حیدرآباد کے کیپٹن مارنس لیبوشین نے کنگزمین کے چیز کی قیادت کی اور انہیں ہی میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
میچ 2 (24 اپریل 2026)
سکور: حیدرآباد کنگزمین 80 آل آؤٹ (15.5 اوور)، اسلام آباد یونائیٹڈ 83/2 (6.4 اوورز)۔
نتیجہ: اسلام آباد یونائیٹڈ نے،ابھی 80 گیندیں باقی تھیں کہ 83 رنز کر لئے اور میچ 8 وکٹوں سے جیت لیا۔
رچرڈ گلیسن، عماد وسیم، اور شاداب خان نے بیٹنگ لائن اپ میں 3-3 وکٹیں لے کر پی ایس ایل کی تاریخ میں گیندیں باقی رہنے کے ساتھ سب سے بڑی جیت کو ممکن بنایا۔
اسلام آباد یونائٹڈ کی پی ایس ایل میں ہسٹری
حیدرآباد کنگز مین حالیہ پی ایس ایل سیزن کے آغاز سے کچھ ہفتے پہلے تشکیل ہوئی۔ اس کی کوئی ہسٹری نہیں۔
حیدر آباد کے برعکس اسلام آباد یونائٹڈ پی ایس ایل میں سب سے زیادہ رِچ ہسٹری رکھنے والی ٹیم ہے۔ پہلی پی ایس ایل ٹرافی اسلام آباد یونائٹڈ نے ہی اٹھائی تھی۔ تب سے وہ 3 مرتبہ پی ایس ایل ٹرافی جیت چکے ہیں۔
سلام آباد یونائیٹڈ نے 2016 کی پی ایس ایل کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر پہلا پاکستان سپر لیگ (PSL) ٹورنامنٹ جیتا تھا۔
پی ایس ایل پلے آف اور فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی تاریخ کے بارے میں، وہ مجموعی جیت اور قابلیت کے لحاظ سے لیگ کی تاریخ کی سب سے کامیاب ٹیم ہے، جس کا فائنل میں پہنچنے کے بعد صرف جیت کا ہی ریکارڈ ہے۔
آئی یو کی پلے آف کی ہسٹری
لیگ کی تاریخ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے پلے آف اور فائنل رنز کی مختصر ہسٹری کچھ یوں ہے:
فائنل میچ 3 مرتبہ کھیلا، 3 مرتبہ جیتے
پی ایس ایل 2016 (چیمپئنز): دبئی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔
پی ایس ایل 2018 (چیمپئنز): کراچی میں پشاور زلمی کو 3 وکٹوں سے شکست دی۔
پی ایس ایل 2024 (چیمپئنز): کراچی میں آخری گیند پر ٹارگٹ ہندسہ عبور کر کے ملتان سلطانز کو 2 وکٹوں سے شکست دی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کے پہلے 11 سیزن میں سے 10 میں پلے آف تک پہنچنے کا ریکارڈ ہ بنایا ہے۔ تمام مکمل شدہ ایڈیشنز میں ناک آؤٹ مراحل میں ان کی کارکردگی یہ رہی کہ تین مرتبہ جیت کر فائنل بھی جیتے۔ لیکن پلے آف میں اسلام آباد یونائٹڈ کے ہانرے کے 7 واقعات بھی ہسٹری کا حصہ ہیں۔
2016: تھرڈ پوزیشن پر کوالیفائی کیا، اپنے دونوں ایلیمینیٹر جیتے، اور فائنل جیتا۔
2017: کراچی کنگز کے ہاتھوں پہلے ایلیمینیٹر میں ناک آؤٹ ہو گئے۔
2018: ٹیبل میں سرفہرست تھے، کراچی کنگز کے ساتھ کوالیفائر کھیلا اور جیتا، اور فائنل جیتا۔
2019: کراچی کنگز کے ساتھ کھیل کر ایلیمنیٹر 1 جیتا لیکن پشاور زلمی سے ایلیمنیٹر 2 ہار گئے۔
2020: پی ایس ایل کی ہسٹری کا واحد سیزن ہے جس میں آئی یو پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی۔ (دراصل گروپ میں آخری نمبر پر رہی)۔
2021: آئی یو لیگ مرحلے میں ٹاپ آف دی ٹیبل رہے لیکن کوالیفائر (ملتان سلطانز سے) اور ایلیمینیٹر 2 (پشاور زلمی سے) دونوں ہار گئے۔
2022: آئی یو پشاور زلمی کے خلاف ایلیمنیٹر 1 کے فاتح تھے لیکن لاہور قلندرز سے ایلیمنیٹر 2 ہار گئے۔
2023: آئی یو نے پشاور زلمی سے پہلے ایلیمینیٹر میں شکست کھائی۔
2024: گروپ میچوں میں تیسرے نمبر پر رہے، پھر اپنا تیسرا ٹائٹل حاصل کرنے کے لیے مسلسل تین ناک آؤٹ میچز (ایلیمینیٹر 1، ایلیمینیٹر 2، اور فائنل) جیتے۔
2025: پلے آف کے لیے کوالیفائی کیا لیکن چیمپئنز لاہور قلندرز کے پیچھے رہ کر گرینڈ فائنل میں پہنچنے میں ناکام رہے۔
گلورئیس ہسٹری کی مالک آئی یو کو الیمینیٹر میچ میں ہرانا لیوبیشن الیون کے لئے اب تک سامنے آنے والا سب سے بڑا چیلنج ہے خاص طور سے اس لئے بھی کہ آئی یو سے پہلا میچ جیت جانے کے بعد ایک ہفتہ پہلے ہونے والا میچ وہ بری طرح ہار گئے تھے۔ اس غیر معمولی ہار کا نفسیاتی اثر آج شام کے میچ میں کم از کم ابتدائی کئی اوورز تک تو دونوں ٹیموں کے ساتھ رہے گا۔
پنڈتوں کا کہنا ہے کہ
اگر اسلام آباد یونائیٹڈ کو حیدرآباد کی اس شاندار واپسی کی دھڑکن کو روکنا ہے، تو انہیں کیپٹن لیبوشین اور عثمان خان دونوں کو روکنا ہوگا۔ کنگزمن کے عثمان نے پہلے چار میچ ہارنے کے بعد سیزن کے دوسرے حصے میں زبردست فارم کی اور اس وقت 320 رنز کے ساتھ ٹیم کے ٹاپ اسکورر ہیں۔ ملتان کے ساتھ میچ میں عثمان کی 47 گیندوں سے 101 رنز کی شاندار سینچری پی ایس ایل سیزن 11 کا خاص لمحہ تھی۔ پھر ایلیمینیٹر 1 میں عثمان نے 64 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر ثابت کیا کہ دباؤ اسے مضبوط بناتا ہے۔
اسلام آباد کے باؤلرز کے لیے پاور پلے میں عثمان کی وکٹ لینا انتہائی ضروری ہوگا۔
میکسویل فیکٹر؛ دی وِننگ فیکٹر
نئی ٹیم حیدر آباد نے گلین میکسویل جو پی ایس ایل الیون کے لئے حاصل تو کر لیا لیکن میکس ویل 11اپریل کو کراچی پہنچے اور 12 اپریل کو پہلے میچ میں حیدرآباد کنگز مین کی طرف سے کھیلے۔ یہیں سے حیدرآباد کا اکم بیک شروع ہوا تھا۔پی ایس ایل 11 کے باقی میچوں میں میکسویل حیدرآباد کنگز مین کے لیے اسٹار آل راؤنڈر کے طور پر کھیلے۔
ابتدائی طور پر کئی سنگل ہندسوں کے اسکورز کے ساتھ کسی نہ کسی طرح کے ٹروٹ کو برداشت کرتے ہوئے، اس نے اپنی ٹیم کے پلے آف تک پہنچانے کے لیے ڈرامائی انداز میں تبدیلی کی۔
میکسویل کی بیٹنگ
کل رنز: میکسویل نے اس سیزن میں 100 سے زیادہ رنز بنائے۔ ان کی ایک ماسٹر کلاس اننگز سب کو بعد میں بھی اس سیزن کی یاد دلایا کرے گی۔
بیسٹ اسکور: گلین میکسویل نے راولپنڈیز کے ساتھ میچ 39 میں 37 گیندوں سے 70 رنز بنائے، 8 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔ اپنی اس بریک آؤٹ پرفارمنس سے پہلے ٹورنامنٹ کی پہلی پانچ اننگز میں، میکسویل صرف 26 رنز ہی بنا پائے تھے۔
میکسویل کی گیم چینجر باؤلنگ
میکسویل نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ میچ میں اسٹینڈ آؤٹ کوٹہ فراہم کیا، انہوں نے اپنے 4 اوورز میں 21 رنز دے کر 1 وکٹ حاصل کی تھی۔
T20 کا لیجنڈری مائیل سٹون
راولپنڈی کے خلاف ساتھ ےمیچ میں میکسویل نے عثمان خواجہ کو آؤٹ کر کے اپنے کیرئیر کی 200 ویں T20 وکٹ حاصل کی۔ اس سے وہ T20 کرکٹ کی تاریخ میں 10,000 رنز اور 200 وکٹوں کا مائیل سٹون کراس کرنے والے واحد کھلاڑی بن گئے۔
لیبوشن عزم کا ستون
مورنس لیبوشین نے چار میچ ہار کر ٹیم کو جیت کے راستے پر لانے کے لئے جو کچھ کیا وہ جادوگری سے کم نہیں۔ گروپ کے 10 میچوں اور پلے آف میں انہوں نے ملا کر 285 رنز بھی بنائے۔
اسلام آباد یونائٹڈ سے جو میچ حیدر آباد نے جیت، وہ دراصل لیبوشین کا ہی شو تھا۔ انہوں نے 12 اپریل 2026 کے میچ میں 53 گیندوں سے 61 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ واپس آئے۔ ۔ اس نے 6 چوکے لگائے، آئی یو کے ٹارگٹ کو چیز کرنے میں ٹیم کی قیادت کی اور انہیں ہی میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
حیدر آباد آئی یو سے جو میچ ہارے اس میں لیبوشین نے بیٹنگ نہیں کی۔ کنگس مین کی بیٹنگ لائن اپ صرف 80 رنز پر سمٹ گئی تھی۔
شاداب کی بیسٹ فارم
آئی یو کے کیپٹن شاداب خان پر دوہری ذمہ داری ہے۔ وہ بہترین فارم میں ہیں، 151 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 17 وکٹیں بھی لے چکے ہیں۔ اس اہم میچ میں ان کا بیٹنگ آرڈر میں اوپر آنا اور اپنی لیگ سپن سے بریک تھرو دینا اسلام آباد کے لیے فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔
سمیر کا ٹرمپ کارڈ
سمیر منہاس اسلام آباد یونائٹڈ کی سینسیشن آف دی سیزن ہے۔ انڈر19 ایشیا کپ سے ابھر کر اوپر آنے والے سمیر کی آگے بڑھنے کی سپری تھمنے میں ہی نہیں آ رہی۔ پاکستان سپر لیگ کے 2026 کے سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے بہترین سکور کرنے والے بیٹر سمیر منہاس ہی ہیں۔
سمیر نے پورے ٹورنامنٹ میں آئی یو کی بیٹنگ لائن اپ کو اینکر کیا ہے۔
اس نے 10 میچوں میں 343 رنز بنائے اور 3 نصف سنچریاں سکور کیں۔ سمیر کی بیٹنگ ایوریج 42.88 ہے اور سٹرائیک ریٹ 155.91 ہے۔ آج شام کا میچ کم عمر سمیر کو روکنے کے لئے لیبوشین کی حکمت کو چیلنج کر رہا ہے۔
بظاہر دونوں ٹیموں پرفیکٹلی برابر دکھائی دے رہی ہیں؛ ایک طرف جگہ بنانے کا جوش ہے تو دوسری طرف جگہ بچانے کا جنون ہے۔
آپس میں دو مرتبہ ٹکرا کر برابر رہے، لیکن یہ تیسرا میچ بہرحال فیصلہ کن ہوگا — جو جیتے گا وہ فائنل کھیلے گا، اور ہارنے والے اپنے زخم سہلاتے ہوئے دوسروں کو فائنل کھیلتے دیکھیں گے۔












Leave a Reply