رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں شروع ہوگیا ہے۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کر رہے ہیں، جبکہ مرکزی اور زونل کمیٹیوں کے اراکین بھی شریک ہیں۔
اجلاس میں وزارتِ مذہبی امور، سپارکو، محکمہ موسمیات اور وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے نمائندے بھی موجود ہیں۔ ترجمان سپارکو کے مطابق چاند 17 فروری 2026 کو شام 5 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہوچکا ہے اور غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر 25 گھنٹے 48 منٹ ہوگی، جس کے باعث آنکھ سے رویت کے امکانات موجود ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات پاکستان کا کہنا ہے کہ چاند شام 5 بج کر 54 منٹ پر طلوع ہوگا اور 6 بج کر 52 منٹ تک دیکھا جا سکے گا۔ لاہور اور گرد و نواح میں بادلوں کے باعث رویت کے امکانات کم ہیں، جبکہ پشاور میں مطلع صاف ہونے کی صورت میں چاند نظر آنے کے روشن امکانات ہیں۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے امید ظاہر کی ہے کہ ان شاء اللہ اس سال بھی ملک بھر میں ایک ہی دن رمضان المبارک کا آغاز ہوگا۔
چاند کی رویت کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔













Leave a Reply