گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد سالم الزعابی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اماراتی سفیر نے اپنی حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا کے مستحق افراد میں تقسیم کے لیے کھجوروں کا تحفہ بھی پیش کیا۔ فریقین نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ، برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سفیر سالم محمد الزعابی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتے انتہائی مضبوط ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے جہاں تقریباً بیس لاکھ پاکستانی مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور یو اے ای کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کو مختلف شعبوں میں ہنر مند اور تکنیکی افرادی قوت کی ضرورت ہے، اور بالخصوص خیبرپختونخوا سے تربیت یافتہ افراد کی آمد دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں معدنیات، توانائی، زراعت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں وسیع سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے اماراتی سرمایہ کاروں اور تاجروں کو صوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔گورنر نے اس موقع پر اماراتی سفیر کو پشاور کے دورے کی باضابطہ دعوت بھی دی۔













Leave a Reply