قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، مسلح افواج کا ردعمل فیصلہ کن ہے: صدر زرداری


صدر مملکت آصف علی زرداری نے افغان طالبان کی مبینہ جارحیت کے جواب میں مسلح افواج کے ردعمل کو جامع اور فیصلہ کن قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان امن اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ امن کو کمزوری سمجھنے والے مضبوط جواب کے لیے تیار رہیں، کوئی بھی دشمن ہماری پہنچ سے باہر نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معلوم ہے منصوبہ ساز اور سہولت کار کہاں موجود ہیں، اور اگر خونریزی جاری رہی تو ذمہ دار عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے گی۔

آصف زرداری نے زور دیا کہ قومی سلامتی پر کوئی رعایت نہیں دی جائے گی اور پاکستان کسی دباؤ یا دھمکی سے مرعوب نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان وطن کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد ہیں۔

صدر مملکت نے گزشتہ چند برسوں سے جاری دہشت گردی کی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سفارتی کوششوں کے باوجود مثبت پیش رفت نہیں ہو سکی۔

یاد رہے کہ حالیہ کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی جانب سے آپریشن “غضب للحق” شروع کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

سرکاری دعوؤں کے مطابق فضائی اور زمینی کارروائیوں میں مخالف جانب کو بھاری نقصان پہنچا ہے، تاہم ان اعداد و شمار کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

 


install suchtv android app on google app store

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *