قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی کارکردگی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتنے عرصے سے کھیلنے کے باوجود انہیں یہ سمجھ نہیں آ سکی کہ آخری اوور کہاں سے کرنا ہے۔
ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ شاہین کو متعدد بار سمجھایا جا چکا ہے لیکن وہ بار بار وہی غلطی دہرا رہے ہیں۔
ان کے مطابق جب دائیں ہاتھ کا بیٹر کھیل رہا ہو تو راؤنڈ دی وکٹ گیند نہیں کرنی چاہیے، اور اگر کی جائے تو لائن وکٹوں کے اندر ہونی چاہیے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ ایک ہی غلطی بار بار کیوں دہرائی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بولرز کو بنیادی چیزیں کب سمجھ آئیں گی؟
انہوں نے ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ نہ یہ لوگ سیکھ رہے ہیں، نہ سیکھنا چاہتے ہیں، اور نہ ہی سب کھلاڑی ذمہ داری لینے کو تیار ہیں۔
کچھ کھلاڑی یہ سمجھتے ہیں کہ میچ جتوانا صرف ایک یا دو افراد کی ذمہ داری ہے۔
سابق کپتان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم بہت پیچھے ہیں اور ہماری سوچ عالمی کرکٹ سے کافی پیچھے رہ گئی ہے۔













Leave a Reply