
(24نیوز)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں سیزن کے 31ویں میچ میں راولپنڈیز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے اس میچ میں راولپنڈیز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیتا اور بیٹنگ کو ترجیح دی، جبکہ ملتان سلطانز کی قیادت ایشٹن ٹرنر کررہے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ریکارڈ اور حالیہ فارم کا موازنہ کیا جائے تو ملتان سلطانز کا پلہ بھاری نظر آتا ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک صرف ایک بار مدمقابل آئی ہیں جس میں ملتان سلطانز نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
ملتان سلطانز اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے اور بہترین فارم میں نظر آرہی ہے، جبکہ راولپنڈیز کے لیے یہ سیزن انتہائی مایوس کن رہا ہے۔ راولپنڈیز اپنے ابتدائی تمام سات میچز ہار کر پہلے ہی پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے، تاہم کپتان محمد رضوان کی کوشش ہوگی کہ آج بہتر کھیل پیش کر کے ٹورنامنٹ کا اختتام مثبت انداز میں کریں۔
آج کے میچ کے لیے ملتان سلطانز کی ٹیم میں اسٹیو اسمتھ، شان مسعود اور پیٹر سڈل جیسے تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں، جبکہ راولپنڈیز کی جانب سے نسیم شاہ، محمد عامر اور ڈیرل مچل ایکشن میں نظر آئیں گے۔
ملتان سلطانز نے اپنے آخری میچ میں کراچی کنگز کو شکست دی تھی اور وہ اس جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں، جبکہ راولپنڈیز اپنی پہلی فتح کی تلاش میں میدان میں اتری ہے۔
ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار نظر آ رہی ہے، اس لیے ہم پہلے کھیلتے ہوئے بڑا مجموعہ ترتیب دے کر حریف ٹیم پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کریں گے۔
دوسری جانب ٹرنر کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، لیکن اب ان کی کوشش ہوگی کہ راولپنڈی کو جلد آؤٹ کر کے ہدف کے تعاقب میں اپنی بیٹنگ لائن کا فائدہ اٹھائیں۔
یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 11:لاہور اور کوئٹہ کے درمیان سنسنی خیز میچ، بازی کس کے نام رہی؟ جانیے












Leave a Reply